کاروار: 7؍ستمبر(ایس اؤ نیوز) مغربی گھاٹ کے نشیب کے علاقوں میں 1400چھوٹے آبی ڈیموں کی تعمیر کی جائے گی۔ جس کے لئے تھوڑی سی بھی فوریسٹ زمین استعمال نہیں کی جائے گی اور ماحولیات کو کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ اس بات کی جانکاری ریاستی چھوٹی آب پاشی وزیر مادھوسوامی نے دی ۔ کاروار میں اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ مغربی گھاٹ کے اوپر سے بہنے والی ندیوں پر دو تین میٹر اونچائی والے چھوٹے آبی ڈیموں کی تعمیر کا منصوبہ بنایاگیا ہے، ہر ایک ڈیم سے 50-60ایکڑ زمین کی آب پاشی ممکن ہوگی ۔ ان علاقوں میں جہاں بھی جس کو ضرورت ہوگی وہ استعمال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی گھاٹ پر تعمیراتی کام کئے جانے کی بات کو غلط معنوں میں لیاگیا ہے۔ جنگلات کے اندر کام کے لئے قانونی رکاوٹیں ہیں، جہاں پانی بہتا ہے وہیں پر ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ ماحولیات کو کسی بھی طرح کا چھوٹا سا نقصان بھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر مادھو سوامی نے اس سے قبل کہاتھا کہ مرکزی حکومت کے 3500کروڑروپیوں کی لاگت سے مغربی گھاٹ کے اترکنڑا، اُڈپی، دکشن کنڑا اور کورگ اضلاع میں متعلقہ منصوبہ جاری کیاجائے گا۔ اس تعلق سے ماہر ین ماحولیات نے ماحولیاتی علاقوں میں تعمیراتی کاموں پر سوالیہ نشان لگاتےہوئے کہاتھا کہ ان علاقوں میں تعمیراتی کام کہاں تک صحیح ہے۔